کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ نائن کے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79رنز سے شکست دے دی۔کوئٹہ کی ٹیم منگل کی شب 106رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔عمیر بن یوسف 37رنز بناکر نمایاں رہے ڈیوڈ ولی اور اسامہ میر نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔جمعرات کو کوالی فائر میں پشاور زلمی اورملتان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ جمعے کو ایلیمنٹر میں کوئٹہ اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کا میچ ہوگا جبکہ ہفتے کو کوالی فائر ہارنے والی ٹیم جمعے کی فاتح ٹیم سےایلیمنٹر ٹو میں مدمقابل ہوگی۔فائنل پیر کو کھیلا جائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اورملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 185رنز بنائے، کپتان محمد رضوان 69 اور جانسن چارلس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ عثمان خان نے 21 اور افتخار احمد نے 20رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عامر نے 2، محمد وسیم اور اسپنر ابرار احمد نے ایک، ایک شکار کیا۔