کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی دبئی میں آئی سی سی میٹنگ سے واپسی اور پیر کو پاکستان سپر لیگ فائنل کے بعد بورڈ میں ری اسٹرکچرنگ کے عمل کا آغاز کررہے ہیں۔چیئرمین پروفیشنل لوگوں پر مشتمل اپنی مضبوط لیکن چھوٹی انتظامی ٹیم لانا چاہتے ہیں اور کئی شعبوں کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی کے ساتھ ان کی ملاقات میں غیر ضروری اخراجات میں کمی اور تنخواہوں کے حجم پر بات کی گئی۔ نجم سیٹھی اور ذکا ء اشرف دور میں بورڈ میں آنے والے اکثر افسران اورنچلے درجے کےملازمین کو اپنے عہدے بچانا مشکل ہوں گے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کی مشاورت سے انہوں نے گذشتہ دنوں فنانس، ایچ آر ڈپارٹمنٹس سے تفصیلی بریفنگ لی ہے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگلے چند سالوں میں کون کون سی انٹر نیشنل سیریز کھیلنا ہیں۔ اس بارے میں ڈائریکٹر انٹر نیشنل عثمان واہلہ سے بریفنگ لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ دوسالوں سے بڑے پیمانے پر تقرریاں کی گئیں اور ماضی کے سربراہوں نے اپنے من پسند لوگوں کا تقرر کیا انہیں بھی گھر بھیجا جائے گا۔ کچھ شعبوں میں اوور اسٹافنگ کے باوجود آؤٹ سورس کی خدمات حاصل کی گئی ہے اس کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ محسن نقوی اپنی انتظامی ٹیم لاکر پی سی بی کو بہتر انداز میں چلانا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں عید سے پہلے تمام صورتحال واضح ہوجائے گی۔