• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف، GHQ کا دورہ، کابینہ کے اہم ارکان شامل، آرمی چیف نے استقبال کیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کو عسکری تیاریوں علاقائی سلامتی اور قومی سلامتی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم اور کابینہ کو ملکی داخلی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشنز سمیت خطرات کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔ وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے افواج پاکستان کو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے تمام ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آگے بڑھنے کیلئے بنا ہے اور مسلح افواج پاکستان کے پرامن عروج کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کا دورہ کرنے پر اور افواج پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ افواج پاکستان قوم کی امنگوں کے مطابق ملکی سلامتی کیلئے کام کرتی رہیں گی اور افواج پاکستان سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت کو مکمل مدد و حمایت فراہم کرینگے۔ دورے کے اختتام پر سویلین اور فوجی قیادت نے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید