• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابعہ فاطمہ

دنیا گلوبل ویلج میں تبدیل ہوگئی ہے۔ سیکڑوں کلومیٹرزکے زمینی فاصلوں کی اہمیت ختم ہو گئی ہے۔ اب ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا بھرمیں کسی سے بھی ایسے رابطہ یا بات چیت کرسکتے ہیں جیسے وہ آپ کے آس پاس ہی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین، نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے انٹرپرینیور بننے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کے لیے سالوں پر محیط کاروباری تجربے کی ضرورت نہیں ہوتی ہےبلکہ مناسب منصوبہ بندی سے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے اہداف مکمل کیے جاسکتے ہیں۔

آج کل کے دور میں اگرنسلِ نو اپنے خوابوں کو پورا کرنا اور پنکھ لگا کر اونچے آسمان میں اڑنا چاہتی ہے تو انہیں یہ ضرور معلوم ہونا چاہئے کہ انٹرپرینیور شپ کیا ہے اور انٹرپرینیور کون ہوتا ہے؟ عام الفاظ میں یوں سمجھیے کہ آپ اپنا کوئی بھی کاروبار شروع کرتے ہیں تو انٹرپرینیور کہلاتے ہیں اور اس میں کامیابی آپ کو دوسروں کے لیے مثال بنادیتی ہے۔ آسان زبان میں اسے بزنس مین کہتے ہیں۔اس میں ایک ایسے آئیڈیا پر کام کیا جاتا ہے جسے بعد میں ایک بڑے بزنس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام (EDP)ایک ایسا پروگرام ہے، جس سے انٹرپرینیورل صلاحیتوں کی کھوج اور ان میں اضافہ کیا جاتاہے۔ یہ صلاحیتیں کسی بھی کاروبار کو چلانے کیلئے درکار ہوتی ہیں۔ کبھی کبھار لوگوں میں صلاحیتیں تو ہوتی ہیں لیکن ان کو نکھارنے کے لیے رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

یہ پروگرام ان جیسے لوگوں کےلئے بہترین ہے۔ یہ انفرادی طور پرکسی بھی فرد کو انٹرپرینیور بنانے کیلئے اسٹرکچرڈ ٹریننگ پروسیس پر مشتمل ہوتاہے۔ مہارتوںکے حصول میں پروگرام آپ کی مدد کرتاہے۔ اس کے علاوہ مؤثر طریقے سے انٹرپرینیور کا کردار ادا کرنے کی لازمی صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے۔

آغاز کیسے کریں؟

آغاز کے وقت خود سے سوال کریں کہ کیا میں انٹرپرینیور بننے کے لیے تیار ہوں؟ میرے پاس کون سی صلاحیتیں ہیں جو مجھے دوسروں سے منفرد بناسکتی ہیں؟ کیا میں نفع و نقصان کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں؟ یہ سوالات آپ کو خود سے ایمان داری سے کرنے ہوں گے، جوآپ کی رہنمائی کریں گے۔

آئیڈیاز پر غور و فکر:

اگر آپ کے پاس ایک بہترین اور منفرد کاروباری آئیڈیا ہے تو سمجھ لیںکہ آپ اگلے مرحلے میں بآسانی داخل ہوجائیںگے ، اگر کوئی منفرد آئیڈیا نہیں، تو پھر بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ آئیڈیا تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنا بزنس شروع کرنے سے پہلےمنصوبہ پوری طرح تیار ہونا چاہئے۔ 

سب سے پہلے ان کامیاب انٹرپرینیورز کو دیکھنا ہوگا کہ وہ کس طریقۂ کار پر عمل کرتے ہوئے یہاں تک پہنچے ہیں ۔ دوسری چیز مارکیٹ میں کس چیز کی ڈیمانڈ ہے اور اس میں کتنے سرمائے کی ضرورت ہے۔ تیسرے یہ کہ ایسی کون سی پروڈکٹ ہے جس سے لوگوں کی ضرورت بھی پوری ہو اور ان کی توجہ کا مرکز بھی بن سکے۔

مارکیٹ ڈیمانڈ:

آپ نے اپنے کاروبار کا فیصلہ بھی کر لیا، مناسب سرمائے کا انتظام بھی ہوگیا اور ایک منفرد آئیڈیا بھی ذہن میں آگیا لیکن اگر آپ کو مارکیٹ کی صورت حال کا علم نہیں تو آپ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، کیوں کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ جو کاروبار آپ شروع کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے سے موجود ہے بھی یا نہیں۔

اگر ہے تو آپ کو اس پر مکمل تحقیق کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ آپ جب اپنی چیز فروخت کریں تو اس میں کچھ نیا پن ہو۔مارکیٹ ڈیمانڈ میں دوسری چیز جو آپ کرسکتے ہیں وہ ہے سروے، اس کے ذریعے آپ صارفین سے خریداری کے دوران زیر غور آنے والے عوامل کے متعلق سوال کرسکتے ہیں۔

پروڈکٹ کیوں خریدیں؟:

آپ کی پروڈکٹ کس طرح دوسروں سے بہتر اور منفرد ہے؟ صارفین آپ کی نئی پروڈکٹ کو کیوں خریدیں؟ آپ کی سروسز سے آپ کے صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟ لہذا ان سوالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی پروڈکٹ اور سروسز کو واضح کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ اس سے ان کو کیا فائدہ ہوگا۔ اگر صارفین کو آپ کے پروڈکٹ سے فائدہ ہوا تو یہ آپ کے کاروبار میں ترقی کی وجہ بنے گا۔

فیڈ بیک:

آپ نے کاروبار کے آغاز کے لیے پروڈکٹ کا انتخاب کیا اب اس پروڈکٹ کے حوالے سے آن لائن مارکیٹ میں جاکر فیڈ بیک ضرور دیکھیے اور اس کے متعلق لوگوں کا رد عمل جاننے کی کوشش کیجیے۔ ایک صارف ہی اس پروڈکٹ کی خوبی اور خامیوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ 

اس سے آپ مستقبل میں اپنے پروڈکٹ کی خامیوں پر قابو پاسکیں گے اور اس سے نہ صرف آپ کے کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ پرانے صارفین کے فیڈ بیک نئے صارفین کو بھی آپ کی منفرد پروڈکٹ کی طرف کھینچ لائیں گے۔

منصوبہ بندی:

منصوبہ بندی ایک تحریری دستاویز ہوتی ہے جس میں کاروبار کے مقاصد، حکمت عملی، اہداف شامل ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی کاروبار کا آغاز کرنے کے لیے منصوبہ بندی ازحد ضروری ہے ،کیوں کہ اس سے آپ کو حقیقت پسندانہ اہداف کا تعین کرنے سرمائے کے حصول اور کاروبار چلانے میں مدد ملتی ہے، یہی نہیں بلکہ کاروبار کو کامیاب بنانے کے حوالے سے آگاہی ملتی ہے۔

چیلنجز کا سامنا:

ہر کاروبار میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، آپ کو اپنی سروسز اور پروڈکٹ کو بہتر سے بہتر کی طرف لے کر جانا پڑے گا ،تاکہ لوگ آپ کی پروڈکٹ کو خریدنے پر مجبور ہوجائیں۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپ خود کوبدلتے وقت کے ساتھ لے کر چلیں لہذا اس کے لیے روز کچھ نیا سیکھنے کی ضرورت پیش آئے گی، تاکہ اپنی پروڈکٹ اور سروسز کو مزید بہتر بنا سکیں۔ اس کے علاوہ اپنی پروڈکٹ کی مارکیٹ ویلیو جاننے کے لیے مد مقابل کی پروڈکٹ سےموازنہ کرنا ہوگا جس کی مدد سے آپ اپنی پروڈکٹ کو مزید بہتری کی طرف لے جاسکتے ہیں۔

اچھی ٹیم کی تلاش:

کسی بھی کاروبار کی ترقی کے لیے ٹیم ورک کلیدی کردار ادا کرتا ہے،یہی وجہ ہے کہ ٹیم کا انتخاب کرتے وقت بہت احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے تین باتوں کا خیال رکھیں(1)مقاصد کو سامنے رکھیں (2)  ہائرنگ پروٹوکول پر عمل کریں (3) مضبوط کمپنی کلچر کے قیام کو یقینی بنائیں۔

یہ کچھ بنیادی اقدامات ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے کامیاب انٹرپرینیور بننے کے سفر کا آغاز کرسکتے ہیں۔