• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، چینی کی قیمتوں کے تعین سمیت کئی کیسز کی رواں ہفتے سماعت

اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ میں چینی کی قیمتوں کے تعین، بجلی و گیس کے بلز میں اضافی سیلز ٹیکس، ثمینہ خاور حیات نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست، قاسم خان سوری کے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کے فیصلہ کیخلاف اپیل، تہمینہ دولتانہ کے حلقہ میں ووٹوں کی تصدیق، مونال ریسٹورنٹ کے لیز کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس پرکل(پیر کو) شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران سماعت ہو گی۔ سپریم کورٹ سے متعلق مختلف درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران مختلف اہم کیسز کی سماعت کریگا۔ سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت 19 مارچ 2024ء کو ہو گی جبکہ قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کے فیصلہ کیخلاف اپیل پر سماعت 20 مارچ 2024ء کو ہو گی۔ مزید برآں تہمینہ دولتانہ کی اپنے حلقہ میں ووٹوں کی تصدیق کی درخواست پر سماعت 20 مارچ 2024 کو ہو گی۔ کاز لسٹ کے مطابق مونال ریسٹورنٹ لیز اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیسز کی سماعت 21 مارچ 2024ء کو ہو گی۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ بجلی اور گیس کے بلز میں اضافی سیلز ٹیکس کیخلاف اپیلوں پر 18 مارچ 2024ء کو سماعت کریگا۔ کاز لسٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت کے تعین کے حوالہ سے کیس بھی 18 مارچ 2024ء کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ حکومتی اپیلوں پر سماعت کریگا۔
اہم خبریں سے مزید