لندن(پی اے ) رشی سوناک کو انتخابات سے پہلے ہی منصب سے ہٹانے کی کوششیں،وزیراعظم نے باغیوں کو جمے رہنے کو کہہ دیا،وزیراعظم نے اپنی قیادت بچانے کیلئے بحث کا رخ موڑنے اور سیاسی بحث کو بہتر ہوتی ہوئی معیشت کی طرف موڑنے کی کوششیں شروع کردیں۔ ٹوری پارٹی کے بہت سے ارکان نے خطرہ ظاہرکیاہے کہ رشی سوناک کی موجودگی میں وہ اپنی نشست نکالنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں کہ بہت سے ٹوری ارکان ان کو انتخابات سے پہلے ہی ان کے منصب سے ہٹاکرقائد ایوان پینی مرڈانٹ کو ان کی جگہ لا نے کی کوشش کررہے ہیں ،اس کے جواب میں رشی سوناک ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت کی جانب توجہ مبذول کرانے کی کوشش کررہے ہیں اتوار کی رات ڈائوننگ اسٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ رواں سا ل برطانیہ کی اقتصادی بحالی کا سال ہوگا ،رشی سوناک ایک مزید سخت مرحلے کا سامنا ہے کیونکہ پناہ کے متلاشی افراد کو روانڈا بھیجنے سے متعلق قانون دارالعوام میں اسی ہفتہ واپس آرہاہے جبکہ انھیں 1922 کی بیک بینچ کمیٹی کے سامنے بھی پیش ہوناہے۔قومی شماریات دفتر کی جانب سے گزشتہ روز افراط زر سے متعلق ڈیٹا کی اشاعت کے بعد رشی سوناک نے کہا کہ انھیں ابھی مزید بہتری کی توقع ہے اور اقتصادی اعشاریئے درست سمت کی نشاندہی کررہے ہیں جس سے معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں ۔OBR نے پیشگوئی کی ہے کہ افراط زر کی شرح نصف رہ جائے گی اور چند ماہ کے اندر اس کی شرح 2فیصد کے مقررہ ہدف پر آجانے کی توقع ہے ۔پیر کو رشی سوناک نے اپرنٹس میں اضافے کیلئے اصلاحات اور چھوٹے تاجروں کیلئے سرخ فیتے کے خاتمے کے اقدامات کااعلان کیا ،دارالعوام میں روانڈا سے متعلق قانون واپس آنے کے بعد اب ارکان پارلیمنٹ اس قانون میں لارڈز کی مجوزہ ترامیم رد کرنے کی کوشش کریں گے لیکن ایک سروے رپورٹ کے مطابق لارڈز نے بل میں جو ترامیم تجویز کی ہیں انھیں عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے ۔ٹرانسپورٹ کے وزیر کے اس بیان کے بعد کہ حکومت کی خواہش ہے کہ ملک بدری کاعمل انتخابات سے پہلے ہی شروع ہوجائے لیکن انھوں نے اس حوالے سے کوئی ضمانت دینے سے انکار کردیا ان کے اس انکار کے بعد حکومت کی ملک بدری سےمتعلق پالیسی بھی تنقید کانشانہ بنی ہوئی ہے۔ لیبر پارٹی کی شیڈو وزیر داخلہ یوٹ کوپر نے گزشتہ روز ٹوئیٹ کیا کہ ناقابل یقین حکومت نے بالاۤخر یہ تسلیم کرلیا کہ حکومت کی 500 ملین پونڈ کی روانڈا اسکیم صرف 150 افراد کیلئے ہے۔ ٹائمز نے خبر دی ہےکہ پہلی پرواز مئی کے وسط میں جانے کی توقع ہے اور کیگالی نے پناہ گزینوں کی پہلی جماعت لینے کے بعد اس کے اثرات کاجائزہ لینے کیلئے کم از م 2 ماہ کا وقفہ دینے کو کہاہے ۔ٹوریز نے رشی سوناک کو ہٹانے سے متعلق سازش کی خبروں پر زیادہ توجہ نہیں دی ہے اور ہارپر نے زور دے کہاہے کہ ہم رشی سوناک کی قیادت میں الیکشن کی میدان میں اتریں گے۔ہارپر نے کہا کہ میں انھیں ہرحال میں سپورٹ کرتا رہوں گااور مجھے یقین ہے کہ میرے ساتھی بھی ایسا ہی کریں گے۔اسکائی نیوز سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیاست ٹیم کا کھیل ہے پینی مرڈانٹ نے انھیں پارٹی قائد بنانے کی کوششوں کے بارے میں خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیاہے لیکن ان کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کے بے بنیاد اور لغو قرار دیا ۔د پارٹی کے اندرسخت مزاج کا ابھار اینڈرسن کے انحراف کے بعد دیکھنے میں آیا جنھیں وزیر اعظم کے لیے چند دنوں قبل ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر ترقی دی تھی اس کے علاوہ بجٹ میں عوامی توقعات پوری نہیں ہوسکیں جبکہ ٹوری ارکان اگلے عام انتخابات کے سبب بجٹ میں سہولتوں کی منتظر تھے۔اس کے علاوہ پارٹی کو بھی عطیہ دینے والے مسٹر ہیسٹر کے نسل پرستانہ ریمارکس پر اعتراضات کے بعد نسل پرستی کے مسئلے کو نمٹانے میں رشی سوناک کی ناکامی بھی ٹوری ارکان کی ناراضی کا سبب بنی۔اب 1922 کی کمیٹی سے خطاب کے دوران وزیراعظم اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں گے وزیراعظم اس تقریر میں لوگوں کے جذبات ٹھنڈا کرنے اور اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے ،رشی سوناک کے ایک سینئر ساتھی نے ٹائمز کو بتایا کہ رشی سوناک پارٹی قیادت کیلئے مقابلے پر مجبور کئے جانے سے قبل ہی عام انتخابات کرانے کا اعلان کرسکتے ہیں،ان کی جانب سے 2 مئی کو انتخابات کرانے سے انکار کے بعد اب ان پر لیبر اورلبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے بھی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کیلئے دبائو بڑھنے کا امکان ہے ۔