اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کا تماشا ختم ہونا چاہیے، ملک کا کوئی افسرکام کرنے کو تیار نہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نیب کے قوانین واپس لے،صدر اور وزیرِ اعظم نیب کے گریجویٹ ہیں، دونوں نیب کی جیلوں میں لمبا عرصہ گزار چکے ہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ میرا پانچواں سال نیب عدالتوں میں شروع ہو گیا، پہلے 9 سال لگے تھے، ابھی تو 5 سال لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام وزرائے اعلیٰ اگر جیل نہیں گئے لیکن نیب میں شاملِ تفتیش ہوئے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نیب کے قوانین واپس لے۔انہوں نے کہا کہ نیب کا تماشا ختم ہونا چاہیے، ملک کا کوئی افسرکام کرنے کو تیار نہیں، اسے نیب کا خوف ہے، سنا تھا ن لیگ نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کریں گے۔