• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، آئی جی سندھ تبدیلی، وفاق تذبذب کا شکار

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے غیر معمولی اصرار کے باوجود وفاقی حکومت تاحال چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور آئی جی سندھ پولیس کے تبادلہ کے ایشو پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکی اور تذبذب کا شکار ہے۔

 خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق کے اعتراض پر چیف سیکر ٹری کیلئے 3افسروں کا پینل بھجو ادیا ،تقرری نہ ہوسکی جبکہ سندھ حکومت رفعت مختارکو تبدیل کر کےان کی جگہ نبی میمن کو ہی دوبارہ آئی جی پولیس تعینات کروانے کی خواہشمند ہے حکومت خیبر پختونخواہ چیف سیکر ٹری ندیم اسلم چوہدری اور حکومت سندھ آئی جی رفعت مختارکو تبدیل کرنے کی خواہش مند ہے جس کیلئے دو نوں صو بائی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو تحر یری در خواست کرچکی ہیں۔ حکومت سندھ کا موقف ہے کہ آئی جی سندھ کے تقرر میں تاخیر اتحادی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ آئی جی سندھ کیلئے نام 4مارچ کو بھیجے تھے۔اب 20مارچ ہو چکی ہے لیکن وفاقی حکومت نے تاحال آئی جی سندھ پولیس کا تقرر نہیں کیا۔ 

غیرضروری تاخیر سے قیام امن کیلئے کوششوں کو نقصان ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت غلام نبی میمن کو ہی دوبارہ آئی جی سندھ پولیس تعینات کروانے کی خواہشمند ہے۔ 

دوسری جانب چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا حکومت کی تعیناتی کیلئے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے چیف سیکرٹری کے پی کیلئے تجویز کردہ شہاب علی شاہ کا نام مسترد کئے جانے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان رواں ماہ 13مارچ کو ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کو چیف سیکریٹری کے عہدے کیلئے 3افسران شہاب علی شاہ، شہزاد بنگش اور کیپٹن (ریٹائرڈ) منیر اعظم پر مشتمل پینل ارسا ل کر رکھا ہے تاہم ابھی تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا حکومت کا تقرر بھی نہیں کیا جا سکا ۔

 گزشتہ روز وفاقی کابینہ اجلاس کے انعقاد کے موقع پر صوبائی حکومتوں کی جانب سے توقع کی جا رہی تھی کہ کلیدی عہدوں کی کابینہ سے منظوری لی جائیگی لیکن ایسا نہ ہو سکاکیونکہ یہ معاملہ ایجنڈے پر ہی نہیں رکھاگیا۔ 

دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے متعلق ذرائع کے مطابق کلیدی عہدوں پر تقرر و تبادلوں کے حوالے سے وزیراعظم دفتر سے حتمی ہدایات موصول ہونے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق پیشرفت کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید