کوئٹہ(پ ر)چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد کی ہدایات پر گوادر میں نیب بلوچستان کے سب آفس کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ اقدام بلوچستان کے علاقے پر خصوصی توجہ کے ساتھ پورے پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف موثر طریقے سے اپنی رسائی کو بڑھانے اور بدعنوانی سے نمٹنے کے لئے نیب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ چیئرمین نیب نے گوادر میں احتساب کا ایک مربوط نظام قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ نیب کے گوادر سب آفس کے قیام سے عوام کو بدعنوانی کے خلاف شکایات درج کرانے میں نسبتاً آسانی ہو گی،اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے 21 اور 22 مارچ کو نیب کے ذیلی دفتر گوادر کا دورہ کیا۔ اس دوران گوادر ریجن کے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کی گئیں جن میں گوادر اور مضافاتی علاقوں میں بدعنوانی پر قابو پانے اور اس کے خاتمے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ڈی جی نیب نے سب آفس کے عملے سے ملاقات کی اور نئے آفس کے آپریشنز کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔