• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بحال کرنے کا جائزہ لے گا، تاجر نئی دہلی کیساتھ کاروبار چاہتے ہیں، اسحاق ڈار

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان کے تاجر اور کاروباری افراد چاہتے ہیں بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بحال ہو اور پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت بحال کرنے سے متعلق جائزہ لےگا، بلوچستان میں ہونے والے حملے کا حساب چکا دیا، افغانستان کے بامعنی ایکشن نہ لینے پر گل بہادر گروپ کیخلاف کارروائی کی، امریکی سفیر نے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی درخواست کی تو فیصلہ عدالت کریگی، انتخابات سے متعلق ڈونلڈلو کی گفتگو نئی بات نہیں، اگر دھاندلی ہوئی تو خیبرپختونخوا میں ایک پارٹی کو 75فیصد سیٹیں کیسے ملیں، کسی کو شکایت ہے تو عدالتیں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں 16ماہ کی حکومت ملک کو صرف دیوالیہ ہونے سےبچانے کیلئے تھی اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنا عہد خوب نبھایا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جاتے جاتے کہہ کرگئی تھی کہ بارودی سرنگیں بچھا کرجارہے ہیں، دنیا میں 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت بناکر جانے والوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر بانی پی ٹی آئی سے ملنےکیلئے درخواست کرتے ہیں تو فیصلہ عدالت کریگی، حکومت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات سے متعلق ڈونلڈ لو کی گفتگو کوئی نئی بات نہیں، اگردھاندلی ہوئی تو پختونخوا میں ایک پارٹی کو 75 فیصد سیٹیں کیسے ملیں؟ سندھ میں پیپلزپارٹی کو 70 فیصد سیٹیں ملیں، اگر کسی کو انتخابات سے شکایت ہے تو عدالتیں اور ٹربیونل موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمسائےتبدیل نہیں کیے جاسکتے، ہمیں پڑوسیوں کےساتھ ہی رہناہے، افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے گفتگو کے دوران حملے کی خبر ملی، افغان وزیرخارجہ کو بتایا کہ گل بہادر گروپ حملے کا ذمہ دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان نےمعنی خیز ایکشن نہیں لیا توپاکستان نےگل بہادر گروپ کیخلاف کارروائی کی۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے، کیمرون آسٹریلیا کے دورے سے واپس آرہے ہیں، پیرکوبرطانوی وزیر خارجہ سے فون پر بات ہوگی۔ برسلز نیوکلیئر کانفرنس میں شرکت سے متعلق اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان جوہری توانائی کے محفوظ استعمال سے متعلق اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہے، عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی کے منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہیے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کی بحالی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کروں گا، سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، لندن میں سیاسی و کاروباری افراد سے ملاقات میں بھی یہ مسئلہ زیربحث آیا۔ خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے رد عمل کے طور پر پاکستان نے بھارت سے تجارتی تعلقات ختم اور سفارتی تعلقات محدود کردیئے تھے۔

اہم خبریں سے مزید