کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں ڈاکوئوں نے ایک اور نوجوان کی زندگی کا خاتمہ کردیا، شہر میں رواں سال ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے،تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 5K صائمہ بلیسنگ اپارٹمنٹ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان عبد الرحمٰن ولد مظہر جان بحق ہوگیا ،فائرنگ کی اطلا ع پرپولیس پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر لاش کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کی ،پولیس کا کہنا ہےکہ 2 مسلح ملزمان اسلحہ کی زور پر میٹریس کی دکان پر لوٹ مار کررہے تھے ،برابر والی دکان مالک نوجوان عبدالرحمٰن نے ڈاکوئوں کو لوٹ مار کرتا دیکھ کر دبوچ لیا ،جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے،واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے سڑک کو بلاک کر کے احتجاج شروع کردیا جس کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا ،واقعے کی اطلا ع پر ایس ایس پی سینٹرل اور ایس پی نیو کراچی نے جائے وقعہ پرپہنچ کر مقتول نوجوان کے لواحقین سے تعزیت کی اور جلد ملزمان کی گرفتارکی یقین دہانی کروائی ،ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بلال کالونی شہزادہ سلیم کو معطل اور انکے عہدے میں تنزلی بھی کردی ہے۔