کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ قیصر احمد شیخ نے کہاہےکہ بھارت سے تجارت کا معاملہ ابھی کابینہ میں زیربحث نہیں آیا، انڈیا کے ساتھ تجارت باوقار طریقے سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں پر انڈیا کے ظلم و زیادتی پر احتجاج کرتے ہیں، انڈیا میں الیکشن قریب آتے ہی پاکستان مخالف باتیں بڑھ جاتی ہیں،امریکا کو ایران سے گیس خریدنے کے معاملہ پر مطمئن کرنا ہوگا، امریکا کو بتائیں ملک میں بہت مہنگائی ہے سستی گیس ہماری مجبوری ہے، آئی ایم ایف پر امریکا کا بہت اثر و رسوخ ہے، اس موقع پر امریکا کو ناراض نہیں کرسکتے،تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سولہ ماہ میں معیشت کا جو برا حال کیا خارجہ پالیسی کا وہی حال نہ کردیں ، نریندر مودی اس وقت پاکستان کے ساتھ تجارت کے موڈ میں نہیں ہوں گے، بھارت سے تجارت کے معاملہ پر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہئے،ایران سے گیس خریدنے میں پاکستان کا بڑا فائدہ ہے۔