ملتان (سٹاف رپورٹر ) کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب مہم کا آخری مرحلہ شہر اولیاءمیں بھرپور انداز میں جاری ہے، اب تک 18 ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ 68 یونین کونسلز سے کلیئر کرکے شہر سے باہر منتقل کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)رضوان قدیر کے ہمراہ علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے صفائی آپریشن کا جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر اور سی ای او شاہد یعقوب نے بریفنگ دی۔قبل ازیں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرکی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی ،جس میں سول سوسائٹی ،طلباءاور تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ جدید ترین ویکیوم سوئپر اور نئی مشینری آنے سے صفائی آپریشن میں بہتری آئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ600سے زائد خالی پلاٹس سے کوڑا کرکٹ صاف کردیا گیا ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہا کہ شہری حدود سے ملحقہ یونین کونسلز میں بھی خصوصی آپریشن کیا جائے گا ۔سی ای او نے اپیل کی کہ شہری اپنی صفائی شکایات 1139 پر درج کراسکتے ہیں۔