فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کاوقت ضرور آئیگا، ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کیساتھ جو کیا، سب نے دیکھا، سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا، ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کیساتھ جوکیا،سب نے دیکھا، مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کیساتھ زیادتی ہوئی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے،سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا، ملکر صوبے اور ملک کیلئے کام کریں، پتنگ کی ڈور سے خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہو نے کا بہت دکھ ہے، ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا۔