• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
حافظ عبدالاعلیٰ درانی…بریڈفورڈ
سجدے سے انسان اپنے رب کے قریب تو آتا ہی ہے، جب شافی و کافی رب کی پاکیزہ قربت نصیب ہو جائے تو وہاں امراض و علل کا کیا گزر ،قربت ربانی کے ساتھ ساتھ انسان بے شمار بیماریوں سے بھی بچ جاتا ہے ۔ سجدہ اور وہ بھی لمبا ، اسی لمبے سجدے کی برکت سے روز محشر رحمت عالمﷺ، رب العالمین حکم الحاکمین کے غصے کو ٹھنڈا کریں گےاور انسانوں کیلئے شفاعت کا دروازہ پھر جنت کا دروازہ کھلوائیں گے لیکن اس دنیا میں لمبے سجدے کا کیا فائدہ ہے ، ایک بھائی نے لکھا کہ مجھے سانس کا مسئلہ اور الرجی کی پرابلم تھی،بار بار چھینکیں آتی تھیں ، ناک سے پانی بے انتہا بہتا رہتاتھا اور تقریباً 15سال تک یہ مسئلہ رہا جو کہ لڑکپن میں ہی شروع ہوا، بے شمار میڈیسن استعمال کیں لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی،ایک دن اتفاق سے ایک مسلمان ڈاکٹر کی ویڈیو دیکھی جس میں انہوں نے بتایا کہ دماغی کمزوری کو دور کرنےکا واحد طریقہ لمبا سجدہ کرنا ہے، یہ معلومات نئی تھیں ، دلیل کے طور پر انہوں نے کہا کہ ہمارا دل کشش ثقل (Gravity) کے خلاف خون کو دماغ تک اتنے ٹھیک اور موثر طریقے سے پمپ نہیں کرتا جتنا جب ہم سجدے میں چلے جاتے ہیں تب کرتا ہے ۔ یہ بات بھلی معلوم ہوئی۔ پھر کچھ ان کی ویڈیوز دیکھیں تو معلوم ہوا کہ میری اپنی پرابلم رائنائٹس (Rhinitis) والی الرجی کا بھی یہی حل ہےکیونکہ دماغی کمزوری کی ہی وجہ سے ہمیں یہ پرابلم ہوتی ہے بہرحال واحد طریقہ تو یہی تھا کہ میں آزما کر دیکھ لیتا، آپ یقین جانئے میری15سالہ پرانی پرابلم اور الرجی کا مسئلہ تو ایک ماہ میں ہی لمبا سجدہ کرنے سے حل ہو گیا۔الحمدللہ،نماز توالحمدللہ میں پہلے بھی پڑھتا تھا ، لیکن نماز کے بعد سجدہ شکر کو لمبا کر دیا اور دیگر کئی اذکار بالخصوص 100مرتبہ استغفار پڑھنے میں ہی پانچ سے دس منٹ کا سجدہ ہو جاتا ۔اس سے اور کئی مسائل حل ہوگئے ۔چہرہ خون کی سپلائی کی وجہ سے تازہ رہنے لگا اور بڑی عمر کے اثرات تقریباً ختم ہو گئے۔ بالوں کو خون ملنے کی وجہ سے بال گرنے کم ہو گئے۔بلغم کا مسئلہ تھا وہ بالکل ختم ہو گیا کانوں کے مسائل اور آنکھوں کی کمزوری کے مسائل کم ہو گئےاور ساتھ ہی ساتھ آنکھوں کے نیچے گذشتہ ایک سال سے کالے رنگ کے دھبے بھی ختم ہوگئے ۔ نماز دینی فریضہ تھا لیکن میرے لیے باہری طور پرنفع بخش ثابت ہوگیا جس کے ایک سجدے کے عمل کے پاس ہماری اتنی بیماریوں اور نہ جانے کن کن بیماریوں کا علاج ہے، ورنہ بڑے سے بڑے یورپ کے ڈاکٹر کو میری الرجی کا علاج نہیں ملا۔ الرجی کے خلاف موثر ترین طریقہ لمبا سجدہ کرنے کا یہ ہے۔ دونوں پلکوں کے درمیان والی جگہ کو سجدےگاہ پر رکھ کر سجدہ کیا جائے تو بہترین نتائج ملتے ہیں۔ آج کل دماغ، دل اور سینے کی کئی بیماریوں کا بہت زور ہے۔ یقین مانئے اگر ہم لمبے سجدے کرنے شروع کر دیں، تو ہمارے پھیپھڑے زیادہ مضبوط ہو سکتے ہیں کیونکہ سجدےکی ایک ایسی پوزیشن ہے کہ جس سے انسان کے لنگز زیادہ بہتر کام کرتے ہیں، آزمودہ بات ہے اور لمبا سجدہ کرنے سے کم از کم پھیپھڑوں کو طاقت ضرور دے گا۔ وہ مزید کہتے ہیں اگر یہ باتیں پہلے پتہ ہوتیں تو شاید میں اپنی والدہ کو بھی بچا لیتا اور ان کی دماغی کمزوری کا مسئلہ حل کروا دیتا۔ ایسا نہیں کر سکا تو کم از کم آپ یہ سب باتیں جان لیجئے اور اپنے بڑھاپے کیلئے اور موجودہ بیماریوں اور وباوں سے بچنے کیلئے ابھی سے تیاری شروع کر دیجئے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا قول کہ اگر انسان کو پتہ چل جائے کہ سجدے میں کون کون سی نعمتیں پوشیدہ ہیں تو وہ سجدے سے سر اٹھانا ہی بھول جائے اور کتنے بدنصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے رب کے سامنے سجدے کی لذت و توفیق سے محروم ہیں اور روز محشر وہ سجدہ کرنا چاہیں گے لیکن نہیں کرسکیں گے۔
یورپ سے سے مزید