اسلام آباد(ایجنسیاں/جنگ نیوز)بشام میں چینی قافلے پر خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ پولیس مراسلے کی بنیاد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہوا۔ادھر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی جائے گی کیونکہ اس میں چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بشام میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، وزیراعظم نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنا اور اپنے دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاک چین دوستی ان شاء اللہ قائم و دائم رہے گی۔