بیجنگ (ایجنسیاں )چینی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش اور انہیں سزادینے کا عمل تیز کرے جبکہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد واقعے کی مکمل تحقیقات کرے، مجرموں کا سراغ لگائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔ترجمان کا کہنا تھاکہ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کرے۔ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، پاک چین تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔چین پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کے ساتھ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔