راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) آر پی او نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور قانون کی بالا دستی کو قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ باہمی روابط کو مزید مؤثر بناتے ہوئے غیر ملکی بالخصوص چینی باشندوں کی سکیورٹی کا متعلقہ اداروں سے سکیورٹی آڈٹ کروایا جائے۔یوم شہادت حضرت علیؓ کے لیے مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔ ان خیا لات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا نے سکیورٹی ، لاء اینڈ آرڈر اور کرائم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ریجنل پولیس آفس میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی پی اوسید خالدمحمود ہمدانی سمیت ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر ودیگر نے ریجنل آفس سے جبکہ ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان، ڈی پی او چکوال کیپٹن(ر)واحد محمود اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔