گوجرانوالہ (نیوز ایجنسی، جنگ نیوز) گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جلائو گھیرائو اور حساس تنصیبات پر حملے کے 51 ملزمان کو 5، 5سال قید کی سزا کا حکم دے دیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، پرویز الٰہی بھی نامزد ہیں۔ مقدے میں عمر ایوب ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، حماد اظہر ، زین قریشی اور زرتاج گل سمیت پی ٹی آئی کے 70رہنما عدالتی مفرور ہیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج نتاشہ نسیم نے گوجرانوالہ سینٹرل جیل میں کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ اے ٹی سی عدالت کی جج نتاشا نسیم سپرا نے جیل کورٹ روم میں مقدمہ کا مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 51 مجرموں کو 8 مختلف دفعات کے تحت پانچ پانچ سال قید اوربیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ سزا پانے والے تمام 51 ملزمان میں کوئی بھی پی ٹی آئی کا نمایاں عہدیدار نہیں، ان مجرمان کو وقوعہ کے بعد ویڈیوز اور جیو فینسنگ کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دوران ٹرائل 119 گواہان کے بیانات قلمبند کروائے گئے۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش بانی پی ٹی آئی سے بھی تفتییشی ٹیم نے اڈیالا جیل میں ملاقات کی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی نے تفتیش میں تعاون کرنے سے انکار کیا تھا۔اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت باقی تمام ملزمان کا چالان بعدمیں جمع کروایا جائیگا۔واضح رہے کہ 9مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔ گوجرانوالہ پولیس کے مطابق حملے میں ایک ایس پی سمیت 10پولیس اہلکار زخمی اور ایک شہری جاں بحق ہوا تھا، مظاہرین کی جانب سے 4 گا ڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔ 9 مئی کو تھانہ کینٹ پولیس نے ایس ایچ او مدثر بٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت 23نامزد اور 100 نامعلوم افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلا گھیرا اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔