کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وائٹ بال اور ریڈ بال کے لئے الگ الگ ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایک ہی ہیڈ کوچ کے پاس سارے معاملات ہوتے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون ہوگا اس بارے میں پی سی بی نے ذہن بنالیا ہے لیکن طویل المیعاد کوچ کی تقرری کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کا عہدہ مشتہر کردیا ہےاس کے امکانات روشن ہیں کہ دونوں فارمیٹس کے لئے غیر ملکی کوچز ہوں گے۔پی سی بی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر کوچز کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے، اشتہار میں وائٹ بال ہیڈ کوچ اور ریڈ بال ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔اشتہار کے مطابق کوچز کے امیدوار 15 اپریل تک درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمندوں کیلئے انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کی ٹیموں کے ساتھ کام کرنےکا 5 سال کا تجربہ ضروری ہوگا۔پی سی بی نے لیول ٹو کوچنگ کورس کی ڈیمانڈ کی ہے تاہم ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ لیول تھری یا اس سے زیادہ کوچنگ کورسز کرنے والے کو ترجیح دی جاسکتی ہے جبکہ کرکٹرز کو سکھانے، انگلش بولنے اور لکھنے کی خوبی بھی ہونا ضروری ہےواضحرہے کہ نجم سیٹھی نے مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن سمیت کوچز کا تقرر بغیر اشتہار کے کیا تھا اسی طرح ذکاء اشرف نے بھی محمد حفیظ اور دیگر کوچز کی تقرری اشتہار کے بغیر کی تھی۔امکان ہے کہ نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز کے لئے عارضی مدت کے لئے پاکستانی کوچ کا تقرر ہوسکتا ہے۔ وائٹ بال کے لیے گیری کرسٹن اور ریڈ بال کرکٹ کے لیے جیسن گلیسپی سے معاملات طے پانے کی امید ہےلیکن پراسس کو مکمل کرنے کے لئے اشتہار دیا گیا ہے۔