پشاور ( وقائع نگار )حیات آباد میں کار ریسنگ اور موٹر سائیکلوں پر منچلوں کی ون ویلنگ نے عوام کی ناک میں دم کردیا ہے افطاری کے بعد شاہراوں پر غل غپاڑے اور ہلڑ بازی کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں جس پر علاقہ مکینوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق حیات آباد جیسے پوش علاقے میں جہاں دو پولیس اسٹیشنز بھی قائم ہیں ، میں منچلوں کی جانب سے افطاری سے لیکر سحری تک ون ویلنگ اور کار ریسنگ کی وجہ سے رہائشیوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں شور شرابہ کے باعث روزہ داروں کی عبادات نہ صرف متاثر ہورہی ہے بلکہ انکی نیندیں بھی حرام ہوچکی ہے سول سائیٹز کے نمائندوں کے مطابق یہ اوباش لڑکے پشاور شہر سے رنگ روڈ کے راستے حیات آباد کے اندر داخل ہوتے ہیں اور فیز ٹو سے لیکر زرغونی مسجد فیز سکس تک موٹر سائیکلوں اور ریسنگ گاڑیوں پر کرتب دکھاتے ہوئے علاقہ مکینوں کا سکون غرق کررہے ہیں اس بارے کئی مرتبہ پولیس سے شکایت کی گئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی انہوں نے علاقے میں ہیروئنچیوں کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے علاقے میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور پولیس اے ایس پی حیات آباد سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کارروائی کرکے حیات آباد میں امن و امان کی بحالی کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں