ملتان (سٹاف رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع ملتان شہر سے کل 12 جلوس برآمد ہوں گے جن میں سے 02 جلوس حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ کل 15 مجالس منعقد کی جائیں گی جن میں 02 مجالس اے کیٹیگری کی ہوں گی۔جن کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ملتان پولیس کے 1850 پولیس افسران و جوان شفٹ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ان کے علاوہ پولیس لائنز میں مناسب تعدار میں ریزرو ہائے الرٹ رہیں گی جن کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر طلب کیا جا سکے گا۔ جلوس کے روٹس اور مجالس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تمام اہم جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو کوریج کی جائے گی۔