کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعودکا کہنا ہے کہ کیریئر میں کاؤنٹی چیمپئن شپ بہت فائدہ مند ثابت ہوئی ہے، اگلےچھ ماہ میں کائونٹی کرکٹ میں تینوں فارمیٹس کھیلوں گا۔اس دوارن پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ نہیں ہورہی، صرف انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی، پاکستان میں سلیکشن کی کوئی گارنٹی نہیں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ بہت سخت ہوتی، کاؤنٹی کرکٹ کی بدولت میں مجھے بارہ ماہ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ وہ مسلسل دوسرے سال انگلش کائونٹی یارک شائر کی کپتانی کریں گے۔ یارک شائر سیزن کا پہلا میچ جمعے کو کھیلے گی۔ شان مسعود نے کہا کہ بورڈ میں ایک نیا سیٹ اَپ آیا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی کے پاس بھی کوئی نہ منصوبہ ضرور ہوگا، اس لیے وہ شاہین کو آرام کروا رہے ہیں، ان کے ورک لوڈ کو مینج کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ برس نسیم شاہ کو ورلڈکپ سے قبل انجری نے گھیر لیا تھا جس کا پاکستان نقصان اٹھانا پڑا۔ بطور کھلاڑی ہمارے لیے ایک مشترکہ مقصد ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، قیادت کوئی بھی کررہا ہو کھلاڑی اسکے ساتھ ہیں۔