کراچی (عبدالماجدبھٹی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے منیجر کی تقرری سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین شخصیات کے انٹر ویوز کئے ہیں۔ سابق منیجر ریحان الحق ایک بار پھر مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم سے اچھے تعلقات، ڈیٹا پر عبور اور سیاسی طور پر بااثر ہونے کی وجہ سے وہ فیورٹ ہیں ۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں چیئرمین محسن نقوی اور چیف آپریٹرنگ آفیسر سلمان نصیر کے علاوہ انٹر نیشنل کرکٹ آپریشنز کے حکام نے انٹر ویوز میں شرکت کی۔ سابق منیجر منصور رانا، ریحان الحق اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز سے وابستہ رہنے والے حیدر اظہر نے انٹر ویوز دیے ۔ ماضی میں چیئرمین کے پاس منیجر کی تقرری کا اختیار ہوتا تھا۔ اس بار انٹرویوز کے ذریعے نئی روایت قائم کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹر ویوز میں منیجرز کی اہلیت جاننے کی کوشش کی گئی۔