کراچی(نیوز ڈیسک)ایران کےصوبے سیستان بلوچستان میں ایرانی سکیورٹی فورسز کی پوسٹوں پر حملوں میں کم از کم 11 ایرانی سیکورٹی فورس کے اہلکار اور 16حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ نائب وزیر داخلہ ماجد میراحمدی نے سرکاری ٹی وی کو بتایاکہ دہشت گرد چاہ بہار اور راسک میں گارڈز کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کرنے کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان نے ایران کے شہر راسک اور چا ہ بہار میں پولیس اور سکیورٹی تنصیبات پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے ۔ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق متاثرین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ایران اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ چاہ بہار اور راسک کے قصبوں میں جیش العدل گروپ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان رات بھر جھڑپیں ہوئیں۔