کراچی (اسٹاف رپورٹر/اسپورٹس ڈیسک ) معاہدے کی خلاف ورزی پر امارات کر کٹ بورڈ نے بیٹر عثمان خان پر امارات میں کرکٹ کے دروازے پانچ سال کیلئے بند کردیے ۔ وہ 2029 تک امارات کی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور ابوظبی ٹی ٹین لیگ سمیت امارات بورڈ کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔ تاہم بورڈ کے فیصلے سے یہ واضح نہیں ہورہا ہے کہ ان کا ورک پرمٹ کالعدم کیا گیا ہے یا نہیں ۔ انہیں پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ کے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے۔ عثمان خان کا موقف ہے کہ انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی ، معاہدے میں 30 دن کے نوٹس پریڈ کی شق موجود تھی۔ پاکستان کیمپ میں آنے کے بعد عثمان خان نے یو اے ای کو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔