• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈونچر، بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے، دفاع کرنا جانتے ہیں، ہندوستان کا کوئی ادھار نہیں چھوڑیں گے، پاکستان

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے ایڈونچرکی کوشش کی تو منہ توڑجواب دینگے، دفاع کرنا جانتے ہیں، ہندوستان کا کوئی ادھار نہیں چھوڑیں گے، انڈیا کاجہاز گرایا تھا اور پائلٹ کو پکڑ کر خیرات میں واپس کیا تھا،پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، جبکہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان میں مزید قتل کی تیاری کا دعویٰ اعتراف جرم ہے، راج ناتھ سنگھ کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے، عالمی برادری بھارت سے گھنائونے اقدامات پر جواب طلب کرے، ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف خودمختاری کے دفاع کیلئے پر عزم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب دینگے۔اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ راج ناتھ نے الیکشن کی وجہ سے بڑھکیں ماریں، بھارت الیکشن کے چکر میں ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جسکا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے،چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی تو کیا انجام ہوا ہم نے بھارت کا جہاز گرایا، پائلٹ کو خیرات میں واپس کیا، دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گے جو پہلے دیا تھا۔ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی ہو۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔خواجہ آصف نے کہا کہ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بھڑکیں مار رہے ہیں، الیکشن کے چکرمیں بھارت ایسی حرکت نہ کربیٹھے جس کااسے خمیازہ بھگتنا پڑے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستانی سرزمین پر شہریوں کے قتل سے متعلق حالیہ اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 25 جنوری2024کو پاکستان نے پاکستانی سرزمین پر ماورائے عدالت قتل اور سرحد پار سے ہونے والے قتل و غارت میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا پاکستان میں قتل کی تیاری کا دعویٰ اعتراف جرم ہے، عالمی برادری بھارت سے گھنائونے اقدامات پر جواب طلب کرے، فروری 2019 کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوئوں کو بے نقاب کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں حکمران نظام نفرت انگیز تقریر کا استعمال کرکے انتہائی قوم پرست جذبات کو ابھارتے ہیں اور وہ یہ سب کچھ انتخابات کے دوران ووٹ حاصل کرنے کیلئے کر رہے ہیں، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے علاقائی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم اور اپنے دفاع کی صلاحیت کی گواہی دیتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید