راولپنڈی (نمائندہ جنگ )ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سیاحوں کی آمد کے پیش نظر تمام ضروری پیشگی اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، ٹورازم سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر تمام ادارے الرٹ رہیں گے، صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لئے آر ڈبلیو ایم سی کے ورکرز فیلڈ میں موجود رہیں گے، کنٹرول روم اور سہولت مراکز بھی مکمل طور پر فعال رہیں گے۔دریں اثناءگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین پھگواڑی میں شجر کاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ماحول دوستی کو پروان چڑھانے کے لئے ہمیں پودے لگانے ہوں گے، پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ نوجوان نسل کو شجر کاری کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مری کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے پودے لگانا بہت ضروری ہے۔ نوجوان نسل کی شجر کاری میں دلچسپی قابل ستائش ہے، قبل ازیں ڈی سی مری نے کالج کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین پھگواڑی صائمہ علی نے طالبات کی جانب سے لگائے گئے پودوں کے حوالے سے ڈی سی مری کو آگاہ کیا۔