• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کیس سے متعلق عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے توشہ خانہ کیس کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینئر عسکری قیادت پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیدیا ہے،عمران خان اور ان کی شریک حیات دونوں توشہ خانہ ڈکیتی میں ملوث رہے ہیں، آڈیوز نے ثابت کیا وہ کرپشن اور غبن میں ملوث تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعظم نے الزام لگایا تھا کہ سینئر عسکری قیادت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مجھے اور میری اہلیہ بشریٰ بی بی کو میرے حوصلے پست کرنے کیلئے سزا دلوائی۔اس مقدمے میں عمران اور ان کی شریک حیات کو 8 فروری کے عام انتخابات سے چند روز قبل 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزائیں معطل کر دی تھیں تاہم کیس میں سزاؤں کیخلاف اپیلیں ابھی تک زیر التوا ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ 9مئی جیسے ریاستی اداروں پر حملے اور شہدا کے خلاف ہتک آمیز مہم چلانا ان کی پالیسی رہی ہے لیکن پروپیگنڈے اور صریح جھوٹ کے ذریعے سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں خوف و ہراس کی کیفیت عمران کے بیانات سے عیاں ہے۔
اہم خبریں سے مزید