کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے پاکستان کو دو طرفہ اعلی سطح کے اقتصادی مذاکرات کی دعوت دیدی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات 29اپریل سے تین مئی کے دوران واشنگٹن میں ہوں گے جن کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق بات چیت کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاملہ بھی امریکا کی جانب سے اٹھایا جائے گا اور واشنگٹن پاکستان کو توانائی کے دیگر ذرائع پر مدد کی پیشکش کرے گا۔
بات چیت کا مقصد معیشت، توانائی اور ماحولیات پر تعاون کے راستے تلاش کرنا ہے۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات کی دعوت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کو دی گئی ہے۔
امریکا کے انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی خوزے فرنانڈز مذاکرات میں امریکی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اعلی سطح کے ان مذاکرات کے تحت پاکستان اور امریکا میں تین ڈائیلاگز ہوں گے جن میں سے دو انرجی سیکورٹی اور کلائنٹ اینڈ انوائرمنٹ ورکنگ گروپ پہلے ہی چل رہے ہیں۔ جبکہ تیسرا ڈائیلاگ معیشت پر شروع کیا جائے گا۔
مذاکرات کی دعوت ایک ایسے موقع پر آئی ہے جب ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔