لاہور(خصوصی نمائندہ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے یوم دستور (10اپریل) کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ آئین کی بالا دستی کوہمیشہ برقرار کھا جائے گا ، یوم دستور منانے کا مقصد آئین کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ، نصف صدی قبل عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے قوم کو ایک متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے بانیوں کے عزم اور استقلال کی بدولت قوم کو ایک جمہوری و پارلیمانی آئین ملا۔ آئین پاکستان جمہوریت، مساوات، رواداری اور شخصی آزادی کی ضمانت ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ 1973ء کے آئین نے وفاقی اورصوبائی خود مختاری کو بھی نئی جہتوں سے ہمکنار کیا ، آئین اسلامی معاشرے کے قیام اور بنیادی انسانی حقوق کا بھی علمبردار ہے۔ حکومت پنجاب دستور پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے حقوق کے تحفظ اورخدمت کے عزم کا ازسرنواعادہ کرتی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹیکس ڈے پر پیغام میں کہا ٹیکس کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، شفافیت سے خرچ حکومت کا فرض ہے۔