اسلام آباد (ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہماری جماعت عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی‘پنجاب بھر میں خوشحالی کا دور واپس لائیں گے‘ ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے آنے والے دورہ امریکا کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے دورے کے دوران عالمی مالیاتی ادارے، ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کے ساتھ اپنی طے شدہ ملاقاتوں کے حوالے سے وزیراعظم سے گفتگو کی۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءنوازشریف نے شاہکوٹ سے منتخب ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی رانا ارشد کو ٹیلیفون کیا اور انہیں دوبارہ گنتی پر عوامی مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد دی۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ننکانہ جلسے میں عوام کے ساتھ جو وعدے کئے وہ مکمل کریں گے‘ننکانہ میں تعلیمی ادارے بنیں گے۔ صوبہ بھر میں خوشحالی کا دور واپس لائیں گے اور ن لیگ نوجوانوں ، کسانوں اور عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔