اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینی مسائل کا شکار ہیں جن کی ہر سطح پر مدد کیلئے پاکستان تیار ہے، سیرت میوزیم اسلامو فوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس میوزیم کی تعمیر میں خادم الحرمین شریفین اور سعودی ولی عہد نے اہم کردار ادا کیا ہے جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر اور دعا کی کہ یہ میوزیم اسلامو فوبیا کیخلاف ہونے والے پروپیگنڈے کے خلاف ایک توانا آواز بنکر ابھرے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت اور عوام کی طرف سے اُن کو خوش آمدید کہا۔ اُنکا کہنا تھا کہ فلسطینی اس وقت اسرائیلی بربریت اور شدید مسائل کا شکار ہیں جس کیلئے رابطہ عالمی اسلامی کا ادارہ بڑے پیمانے پر کام کررہا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مشکل میں ہمیشہ ہمارے ساتھ دل کھول کر تعاون کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا کیونکہ سعودی عرب پاکستان اور عوام کیلئے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتا ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ بہت جلد سعودی عرب سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کا دورہ کریگا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔