راولپنڈی، مری (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ)عید الفطر اور لانگ ویک اینڈ پرہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے مری کارخ کیا۔سی ٹی اوراولپنڈی کے مطابق عید کے پہلے دن سے لے کر ہفتہ کی رات تک 49ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں ،مری میں اس وقت بھی سیاحوں کی تقریباً ساڑھے سات ہزار گاڑیاں موجودتھیں ۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق مزید سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سی ٹی او تیمور خان کاکہناتھاکہ عید الفطر کے موقع پر ٹریفک پولیس کے 300 سے زیادہ اہلکار ڈیوٹی پر مامور کئے گئے تھے ۔بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو مری میں داخلہ کی اجازت نہیں ہے ،سی ٹی او نے دعویٰ کیاکہ دو طرفہ اور تنگ سڑک ہونے کے باوجود مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ ان کاکہنا تھاکہپارکنگ کی کمی کے باعث گاڑیوں کو سنگل سائیڈ پر پارک کروایا جارہا ہے۔ایس ٹی او منیر احمد ہاشمی نے کہا کہمری کی تمام شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق ہے ، محفوظ سفر کیلئے مری میں آنے والے سیاحوں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہجی پی او چوک میں پیدل چلنے والے لوگوں کے رش کے باعث ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ ہے ۔ سی ٹی او نے کہاکہ سیاح اپنے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنانے کےلئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں،سیاح پارکنگ صرف ٹریفک پولیس کی مختص جگہوں پر ہی کریں،ڈبل لائن بنانے اور غلط پارکنگ سے گریز کریں۔سیاح مدد اور رہنمائی کے لئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن0519269200 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔