پشاور(اے پی پی)پشاور ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل سجاد حسین نے موجودہ حالات کے پیش نظر اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سربند پولیس سٹیشن کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانے کے اندرونی، بیرونی اور اطراف سمیت تمام سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی نے ریکارڈ، روزنامچہ، صفائی ستھرائی، سرکاری اسلحہ اور رجسٹرات چیک کرنے کیساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی حفاظت کر کے دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ آنے والے سائلین، بزرگوں اور خواتین کی بروقت داد رسی کی جائے اور شہریوں کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جائے۔ ڈی ایس پی پشتخرہ نے حوالات کا جائزہ لیتے ہوئے محرر سٹاف کو حوالات میں بند ملزمان کو ممکنہ سہولیات دینے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سجاد حسین نے سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ہمہ وقت مستعد اور چوکس رہنے سمیت سماج دشمن عناصر اور دیگر جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔