کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں قائم دونوں ہاکی فیڈریشنز اپنے سلطان اذلان شاہ کپ کیلئے ٹیموں اور ٹریننگ کیمپس کے الگ الگ اعلانات کے بعد اپنی سرگر میاں جاری رکھےہوئے ہیں۔ ٹورنامنٹ چار سے 11 مئی تک ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔اتوار کو کراچی میں مذکورہ ایونٹ کیلئے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں رات گئے تک کھلاڑی رپورٹ کرتے رہے۔ہیڈ کوچ شہناز شیخ پیر کو ذمے داری سنبھالیں گے، کوچز ایاز محمود، وسیم فروز، ریحان بٹ، اورمحمد ثقلین نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو کھلاڑیوں کی تربیت اور انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔دو کھلاڑی احمد ندیم اور غضنفر علی لیگ کیلئے بیرون ملک ہیں جنہوں نے 23 اپریل کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ کوچ ایاز محمود کے مطابق ٹریننگ صبح اور شام دو سیشن میں ہوگی۔ ادھر پی ایچ ایف کے صدر میر طارق حسین بگٹی کی منظوری کے بعد سیکرٹری رانا مجاہد علی نے بھی کیمپ کیلئے ٹیم آفیشلز کا اعلان کیا جس کے مطابق ہیڈ کوچ رولینٹ آلٹمنس، اسسٹنٹ کوچز شیخ عثمان، ذیشان اشرف ، آصف احمد خان ، گول کیپر کوچ غلام جیلانی ، فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر اسد عباس اور ویڈیو انالسٹ ابوزر امراؤ ہوں گے۔ تربیتی کیمپ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں 16اپریل سے لگایا جائے گا۔ جس میں 57 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ تمام کھلاڑی 16 اپریل کی شام5بجے علامہ اقبال سپورٹس ہاسٹل اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے ۔ تربیتی کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔