کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں چند سالوں کے دوران بڑے پیمانے پر سفارشی اور من پسند لوگوں کو ملازمتیں دی گئیں، ایسی افراد کی موجیں ختم ہونے والی ہیں۔ اب پی سی بی سفارشی اور نااہل ملازمین کو فارغ کرنے کے لئے مربوط پالیسی بنائی جارہی ہے۔ ری اسٹرکچرنگ کے دوران سابقہ دور کے کئی ملازمین فارغ ہوجائیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ادارے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں کی فہرست طلب کر لی۔ انہوں نے بورڈ میں سیاسی اور سفارشی بھرتیوں کی فہرست کے علاوہ ملازمین کی موجودہ پوسٹنگ، عہدہ ،مراعات اور تنخواہ کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، قواعد و ضوابط کے بغیر بھرتی ہونے والوں کی تعلیمی اسناد کو بھی چیک کرایا جائے گا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اگلے ہفتے اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں، اس سلسلے میں پی سی بی میں رائٹ مین فار رائٹ جاب کے فارمولے پر عمل کیا جائے گا اور لابنگ یا سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ادارے میں اسمارٹ ٹیم اور اسمارٹ آپریشنز کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔