سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی، اب امن قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، صورتحال بہتر بنانے میں 3سے 4ماہ میں لگ سکتے ہیں۔ ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے پولیس کو جدید اسلحے کی ضرورت ہے جو کہ سندھ حکومت فراہم کررہی ہے۔ وہ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے پاس جانا حکومت کی مجبوری ہے، ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے قبل ملکر بیٹھیں، طے کریں کہ کون سی شرط ماننی ہے اور کونسی نہیں، ملکی معیشت بہتر ہونے میں 3سے 4سال لگ سکتے ہیں، زراعت پر توجہ دیکر ہم ملکی معیشت کو بہتر بناسکتے ہیں، ہمیں کسی اور چیز کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ میری پوری کوشش ہے کہ شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ایس ایس پی عرفان سموں قاتلوں تک پہنچ گئے تھے مگر پھر ان کا تبادلہ کردیا گیا، جلد شہید صحافی کے قاتل گرفتار ہونگے۔