کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی خواتین ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے دن کراچی، لاہور اور کوئٹہ نے کامیابیاں سمیٹ لیں۔ بدھ کو فیصل آباد میں دوسرے میچ میں لاہور نے پشاور کو شکست دیدی۔ ناکام ٹیم 166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر عائشہ ظفر نے سولہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے۔ عائشہ بلال نے 4 اور انعم امین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور نے ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا ۔ دعا ماجد 66 اور کائنات حفیظ نے 61 رنز اسکور کیے۔ عائشہ ظفر پلیئر آف دی میچ رہیں۔ قبل ازیں اقبال اسٹیڈیم میں کراچی نے ملتان کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔ ملتان 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گل فیروزہ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ کراچی نے کپتان عمیمہ سہیل کے 49 رنز کی بدولت مطلوبہ اسکور 24 ویں اوور میں 4 وکٹ پر پورا کرلیا۔ ادھر کوئٹہ نے راولپنڈی کو زیر کیا۔ راولپنڈی صرف 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ رامین شمیم نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔