کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام’’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب میں نواز شریف کا کردار اپنی بیٹی کی رہنمائی اور سیاسی گرومنگ کا ہے.
تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہماری تحریک میں شامل ہوتے ہیں تو ان کو ویلکم کریں گے
میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کیخلاف کارروائی کا ایک دروازہ کھل گیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اپنا کردار ادا کررہی ہے، اہم معاملات میں عمران خان کی براہ راست رائے لی جاتی ہے، پارٹی کا مرکزی کردار موجود ہ ہو تو چیلنجز بڑھ جاتے ہیں.
بانی چیئرمین کی قید اور ان تک ہماری محدود رسائی ہمارے لیے چیلنج ہے، عمران خان سے ملاقات میں کوئی پرائیویسی نہیں ہوتی، ملاقات میں آپ سنے ، دیکھے جارہے اور ریکارڈ ہورہے ہوتے ہیں، نہ صرف ہماری پارٹی بلکہ ہمارا ووٹ بینک بھی متحد ہے۔ ولید اقبال نے کہا کہ شیر افضل مروت کے سعودی عرب سے متعلق بیان سے پارٹی نے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے.
پی ٹی آئی نے شیر افضل کی باتوں کو حقائق کے مکمل منافی قرار دیا ہے، شیر افضل مروت نے جو کچھ وہ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے پارٹی کا موقف نہیں ہے۔ ولید اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں متضاد رائے ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے، متصادم رائے کا اظہار مسلم لیگ ن میں ہورہا ہے.
وزیراطلاعات کہہ رہے ہیں جاوید لطیف کے الزامات کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے، پیپلز پارٹی کوئی پوزیشن نہیں لے رہی ہر معاملہ پر خاموش ہے۔ ولید اقبال نے کہا کہ عمران خان تک نامہ نگاروں کو محدود رسائی ہے، وہ اپنا پیغام محدود حد تک ہی پہنچاسکتے ہیں ، ہمیں جس طرح دیوار سے لگایا جارہا ہے اس پر ہمارا مزاحمت کا موقف موجود ہے، عمران خان نے کبھی بھی مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا ہے، ہمارے بارے میں پالیسی نہیں بدل رہی ہمیں مسلسل جبر کا سامنا ہے، کوئی ہماری طرف ہاتھ بڑھائے تو ہم بھی ان کی طرف ہاتھ بڑھائیں گے۔
ولید اقبال کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ہماری ہم خیال ہے تو ہر صورت انہیں مدعو کرنا چاہیں گے، اگر وہ خیبرپختونخوا میں عہدوں کا مطالبہ کررہے ہیں تو علی امین گنڈاپور کا سخت زبان استعمال کرنا جائز ہے، مولانافضل الرحمٰن کی ایک تاریخ ہے جسے سب جانتے ہیں۔