• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے شروع ہونے والی ٹیپ بال کرکٹ انگلینڈ پہنچ گئی، قومی سطح پر ٹورنامنٹ کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیپ بال کرکٹ کو پاکستان میں سب سے مقبول فارمیٹ سمجھا جاتا ہے۔گراؤنڈز،گلیوں ،محلوں اور ساحل سمندر پر لڑکے لڑکیاں ٹیپ بال سے لطف اندوزہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔ اس مقبول فارمیٹ کا انگلینڈ میں بھی چرچا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس ماہ قومی سطح پر ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ جس میں 12شہروں سے مرد وخواتین کی ٹیمیں شرکت کرینگی۔ای سی بی نے اس ایونٹ کی تشہیر کیلئے عادل رشید اور ڈیوڈ ملان جیسے اسٹار کھلاڑیوں بھی شامل کرلئے ہیں ۔ ای سی بی نے اعتراف کیا کہ یہ ایونٹ کراچی کی گلیوں سے نکل کر انگلینڈ پہنچا ہے جس کو کہیں بھی اور کسی بھی وقت کھیلا جاسکتا ہے ۔ ایونٹ کے قوانین کراچی اور پاکستان کے دیگر شہروں والے ہی ہیں جس میں سب سے قابل ذکر "دیوار کیچ ایک ہاتھ" کا قانون ہے ۔ ایونٹ قوانین کے مطابق اگر گیند دیوار یا چھت سے ٹکراتی ہے اور فیلڈر ایک ہاتھ سے کیچ کرے تو بیٹر آؤٹ ہوگا ۔ہر ٹیم 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی ، 8 اوورز فی اننگز پر مشتمل گیم میں 7 بولرز کا اوور کرانا لازمی ہوگا، ایک بولر دو اوور کراسکتا ہے ۔ وائیڈ اور نو بال پر تین رنز ملیں گے جبکہ بیٹر انفرادی اسکور 30 رنز ہونے پر ریٹائرڈ ہوجائیں گے لیکن اگر تمام بیٹرباری مکمل کرچکے تو ریٹائرڈ بیٹر واپس بیٹنگ کو آسکتے ہیں ۔ وکٹوں کے دورمیان دوڑ کر بننے والا رن ، ایک کی بجائے دو رنز گنے جائیں گے۔فیلڈنگ ٹیم کو بولنگ اینڈ کے اسٹمپ سے پیچھے صرف دو فیلڈرز کی اجازت ہوگی ۔

اسپورٹس سے مزید