• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائیو ان ریلیشن شپ، زینت امان اور ممتاز کے مابین بڑے تنازع کی وجہ

کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر) بالی وڈ فلم انڈسٹری پر کئی برسوں تک راج کرنے والی ماضی کی ہیروئنوں کے مابین ’’لائیو ان ریلیشن شپ‘‘ کے موضوع پر شدید تنازع کھڑا ہوگیا۔72سال کی زینت امان اور76برس کی ممتاز کے تنازع کو انٹرنیشنل میڈیا بھر پور کوریج دے رہا ہے۔ بالی وڈ فلموں کی ماضی کی گلیمرگرل زینت امان نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر’لائیو ان ریلیشن شپ‘‘ کے حق میں ایک پوسٹ لگائی کہ شادی سے پہلے لڑکا لڑکی کو ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور وقت گزارنا چاہیے اور پھر سوچ سمجھ کر شادی کرنا چاہیے۔ زینت امانامان کہ اس بیان پر لیجنڈری اداکارہ ممتاز نے اپنے شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ زینت امان کو رشتوں کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے۔ اُن کو کوئی حق نہیں کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کی زیادہ توجہ حاصل کرنے کے لیے اخلاق کے خلاف باتیں کریں۔ اس طرح کی باتوں سے اُن کی فین فالوونگ نہیں بڑھے گی۔ اداکارہ ممتاز کا مزید کہنا تھا کہ زینت امان نے 1978ء میں اداکارہ سنجے خان سے شادی کی، جو صرف ایک سال چل سکی، بعد میں وہ کئی برس تک مظہر خان کے ساتھ تعلقات میں رہیں اور پھر1985ء میں مظہر سے شادی کرلی۔ مظہر سے اُن کے دو بچے ہیں۔ شادی کے فوراً بعد ہی زینت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مظہر سے شادی کرکے مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوگئی ہے۔ میری زندگی جہنم بن گئی ہے۔ دوسری جانب لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی گلیمر ہیروئن زینت امان کا اپنے انسٹاگرام اسٹوری میں کہنا تھا کہ ’’ضروری نہیں کہ میں کسی کی بات کا جواب دُوں، میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ آپ کسی کے رشتے میں ہیں تو شادی کرنے سے پہلے ایک ساتھ رہیں، یہی مشورہ میں نے اپنے دونوں بیٹوں کو بھی دیا ہے۔ ‘‘اداکارہ ممتاز ’’لائیو ان ریلیشن شپ‘‘ کے مشورے سے بالکل متفق دکھائی نہیں دیتی ہیں۔ ماضی کی دونوں سپراسٹار کے مابین تنازع پر بالی وڈ میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ زینت امان کو خبروں میں رہنے کا فن آتا ہے، وہ اپنے سارے کیریئر میں خبروں کی زینت بنی رہی ہیں۔ 72برس کی عمر میں بھی زینت امان سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ ان جیسی خوبصورت گلیمر اداکارہ بالی وڈ میں دوبارہ نظر نہیں آئی۔ فلم انڈسٹری سے دُور رہنے کے باوجود بھی زینت امان کے گلیمر اور حُسن کے چرچے آج بھی ہیں۔ زینت اور ممتاز کی سرد جنگ کا تعلق شاید ماضی سے بنتا ہے۔ 1971ء میں اداکار وہدایت کار دیوآنند کی سپرہٹ فلم ’’ہرے راما ہرے کرشنا‘‘میں دونوں نے مرکزی کردار نبھائے تھے، اس فلم کی کامیابی نے زینت امان کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا تھا ، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے 19برس کی عمر میں معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرلیا تھا، بعدازاں وہ 20برس تک اپنے گلیمر کی وجہ سے فلم انڈسٹری پر راج کرتی رہیں۔ 1980ء میں جب پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آصف اقبال کی کپتانی میں بھارت کا دورہ کیا تو زینت امان اور عمران خان کے معاشقے کی کہانیاں اخبارات اور رسائل میں نمایاں کرکے شائع کی گئی۔ دوسری جانب لیجنڈری اداکارہ ممتاز نے بالی وڈ پر طویل عرصے تک راج کیا۔ اُن پر فلمائے گئے گیت’’بندیا چمکے گی،تُونے کاجل لگایا، آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے وغیرہ بہت مقبول ہوئے۔ 2023ءمیں ممتاز نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا۔ اِن کے اعزاز میں کراچی اور لاہور میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مختصر یہ کہ سپراسٹارز زینت امان اور ممتاز کے مابین تنازع کب ختم ہوگا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید