• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثے میں خاتون جاں بحق، نومولود بچی سمیت چار افراد کی لاشیں ملیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گلشن اقبال میں ٹریفک حادثے میں خاتون جاں بحق ہوگئی ، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے نومولود بچی سمیت چار افراد کی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانہ کی حدودگلشن اقبال بلاک 2 امتیاز سپر اسٹور کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 50 سالہ تسلیم بی بی زوجہ اکبر شاہ کے نام سے ہوئی،پولیس کے مطابق متوفیہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کرسفر کررہی تھی کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث سڑک پرگر گئی اور موقع پرہی جاں بحق ہوگئی ۔لانڈھی ایک نمبر چھوٹی مارکیٹ مینٹل چوک کے قریب روڈ سے ایک نومولود بچی کی لاش ملی، لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچے اور لاش کوتحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردیا۔ کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار صدیق حلوائی کے قریب علی منزل سے کئی روز پرانی ایک شخص کی لاش ملی ، لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پرپہنچا اور لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 60 سالہ عبدالرزاق ولد حاجی محمد کے نام سے ہوئی،پولیس کے مطابق متوفی کی موت طبعی طور پرہوئی ہے وہ گھر میں اکیلے رہتاتھا تاہم ورثا لاش بغیر کسی کارروائی کے ہمراہ لے گئے۔گلستان جوہر کے علاقے بلاک 4 النساءگارڈن کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 55 سالہ ایاز میمن کے نام سے ہوئی۔ لانڈھی داود چورنگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کچرا کنڈی سے ایک شخص کی لاش ملی، لاش کی اطلاع پر پولیس او ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور لاش کوتحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردیا، جہاں فوری طورپر متوفی کی وجہ موت اور شناخت نہیں ہوسکی ، پولیس کے مطابق متوفی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو سرد خانے منتقل کردیا۔