کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی زیرقیادت کراچی تا گھوٹکی ٹرین مارچ کا فقیدالمثال استقبال ظالم حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے اس سے واضح ہوگیا ہے کہ عوام بھاری ٹیکسوں، مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے درمیان کوئی تفریق نہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام اور کارکنان جماعت اسلامی کی جدوجہد کو اپنا مقدمہ سمجھتے ہیں، یہ کسی فرد یا جماعت کا ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ کروڑوں عوام کے مفاد کی تحریک ہے،انہوں نے کہا کہ عوامی اور جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں مختلف مقامات پر ٹرین مارچ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا، کارکنان کو ہراساں کرنا اور رہنما ئوں کے گھروں پر چھاپے انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔