• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھانوں کی سطح پر مصالحتی کونسل تشکیل دی جائیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین قمر اسلام کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، دانیال چوہدری، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ممبران صوبائی اسمبلی بلال یامین ستی ،ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار، نعیم اعجاز، عمران الیاس، محسن خان، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ملک منصور اور راجہ صغیر احمد،وی سی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سمیت تمام محکموں کے افسران بھی شریک تھے ۔ چیئرمین کوآرڈنیشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ تھانوں کی سطح پر مصالحتی کونسل تشکیل دی جائے، جرائم کی روک تھام کے لئے میکنزم تیار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل سنیچنگ اور موٹر سائیکل کی چوری کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس کیلئے تھانوں میں نفری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات اور قبضہ گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ریجن میں 58 ڈیم ہیں، چہان ڈیم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جون تک واٹر سپلائی لائنز مکمل کر لی جائیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں ٹوٹل 594 ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں ان میں سے جو بھی غیرقانونی ہیں ان کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر سادہ لوح عوام کو ہائوسنگ سکیم کے نام پر لوٹنے والے عناصر کے خلاف سابئر کرائم کی مدد سے گھیرا تنگ کیا جارہاہے۔
اسلام آباد سے مزید