• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کا کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلیمان نے اسلام آباد کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

 اس حوالے سے دو رکنی سعودی وفد نے اتوار کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق سعودی قونصلیٹ جنرل دورہ کرنے والے سعودی وفد کے ہمراہ رہے۔ 

وفاقی حکومت کے متعلقہ عہدیداروں کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کے عازمین حج کے امیگریشن اور دیگر تمام ضروری تقاضے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ہی پورے کر لئے جائیں گے اور یہاں سے کلیئر شدہ حجاج کرام جدہ ائرپورٹ اور مدینہ ائرپورٹ پر امیگریشن کے طویل دورانئے کے عمل سے گزرے بغیر براہ راست اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے رہائش گاہوں پر چلے جایا کرینگے۔ 

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا اسلام آباد ائرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔

 کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے آغاز کیلئے قائم مقام ائرپورٹ منیجر نے سعودی وفد کو بریفنگ دی اور وفد کو ائرپورٹ لاؤنجز کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔ سعودی وفد نے ائرپورٹ سکیورٹی فورس‘ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی‘ کسٹمز حکام سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام سے ملاقاتیں کیں۔


 سعودی وفد کی پروسیسنگ ضروریات اور طریقہ کار کے تعین کیلئے ٹیکنیکل ٹیم سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ عازمین حج کیلئے کراچی ائرپورٹ پر سعودی امیگریشن سہولیات کو حتمی شکل چند روز میں دے دی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید