اسلام آباد (ایجنسیاں)صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان مذاکرات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایرانی صدر آج لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے۔ لاہور میں بھی عام تعطیل کا اعلان کردیاگیا۔ ابراہیم رئیسی نے پیرکوآرمی چیف جنرل عاصم منیر ‘ اسپیکر قومی اسمبلی ایازصاق ‘ چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی جس میں تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیاگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے صدررئیسی کی ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور بارڈرسکیورٹی کے امورپر گفتگو کی گئی اور علاقائی استحکام و اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور ایرانی صدر کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔آرمی چیف نے پاک ایران سرحد کو "امن اور دوستی کا بارڈر" قرار دیا۔اس موقع پرآرمی چیف کا کہنا تھاکہ پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔