اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیب کیس میں آصف علی زردار ی کے وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا.
احتساب عدالت نے صدر مملکت اور دیگر کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی، جبکہ نیب نے ان کے صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر مملکت کو کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل ہے، احتساب عدالت نے صدر مملکت اور دیگر کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت 21مئی تک ملتوی کر دی ۔
گزشتہ روز احتساب نیب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی تو صدر آصف علی زرداری کے وکیل ارشد تبریز نے صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے صدارتی استثنیٰ کی درخواست دائر کی ، نیب کی جانب سے آج جواب جمع کروانا تھا.
دوران سماعت نیب نے زرداری کی صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ، فاضل جج نے کہا ایک شریک ملزم کی حاضری نہیں ہوئی اگر وہ نہیں حاضر ہوتا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے ، ملزمان میں سابق سیکرٹری اعجاز احمد خان، اعجاز میمن ، علی اکبر ابرو، خواجہ عبدالغنی مجید، مناہل مجید ، عبدالندیم بھٹو و دیگر شامل ہیں۔