اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے۔ وزیراعظم سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے منگل کو ملاقات کی،وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے۔ ادھر وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی،وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں اور ماہرین کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں۔