ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میں آئس پارٹیوں کے انعقاد کے حوالے سے معروف آئس ڈیلر نے نشے میں دھت ہوکر رات گئے اپنے ہی رشتہ داروں کے گھر پر دھاوا بول دیا، ساتھیوں کے ہمراہ رشتہ داروں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، رائفل کے بٹ لگنے سے بھانجا شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا، تفصیل کے مطابق آئس ڈیلر و آئس پارٹیوں کے انعقاد کے حوالے سے معروف شیخ حمید کا اپنے قریبی رشتہ داروں سے 60 کروڑ کی جائیداد کا تنازع چل رہا تھا جس پر وہ اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ نشے کی حالت میں گزشتہ رات اپنے رشتہ داروں کے گھر کے دروازے توڑ کر داخل ہوا اور اہل خانہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ اپنے سگے بھانجے امان اللہ کے سر پر رائفل کے بٹ مارے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، وہ اس وقت نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، شیخ حمید کے رشتہ دار عبداللہ شیخ نے گھر پر دھاوا بولنے اور بھانجے کو شدید مضروب کرنے کی درخواست تھانہ گلگشت میں دے دی ہے، تاہم آئس ڈیلر کو بااثر شخصیات کی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے اس کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں ہوسکا، بتایا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے بھی پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، واضح رہے کہ اس سے قبل مظفر گڑھ کے ایم پی اے خرم لغاری کا شیخ حمید کے فارم پر جھگڑا ہوا تھا جہاں ایم پی اے کا بھائی آئس پارٹی میں شریک تھا اور اس واقعے کا مقدمہ بھی تھانہ بی زیڈ میں درج ہوا تھا جب کہ شیخ حمید کے مشہور فارم پر ایک طالبہ کو نشے کی حالت میں زیادتی کا نشانہ بنانے کے سلسلے میں بھی پولیس کارروائی کر چکی ہے، علاوہ ازیں شیخ حمید کے لاہور میں موجود فارم پر منعقدہ آئس پارٹیز میں بھی متعدد جھگڑے ہو چکے ہیں۔